بنگلورو،11؍ جولائی(ایس او نیوز) ہندوستانی محکمہ موسمیات(آئی ایم ڈی) کے شہر میں واقع علاقائی دفترنے ریاست کے لئے ریڈ اور آرینج الرٹ جاری کیے ہیں۔ اس نے اتوار 11 جولائی کو ریاست کے ساحلی علاقوں میں وسیع پیمانے پر بارش کے قوی امکان کی پیش گوئی کی ہے۔اس نے بتایا کہ بحرِ عرب میں جنوب مغربی مانسون کے مضبوتی اختیار کرنے کی وجہ سے اور بحیرہئ بنگال مغربی وسطی اور ملحقہ شمال مغربی علاقہ میں ہوا کا کم دباؤ رہے گاجس سے ریاست میں مانسون شدت اختیار کر جائے گا۔ محکمے نے 13 جولائی کے لئے آرینج الرٹ جبکہ 11 اور 12 جولائی کو ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔اس کے مطابق بنگلورو میں بارش اور گرج چمک کے ساتھ چھینٹیں گرنے کا قوی امکان ہے۔
آئی ایم ڈی نے مزید بتایا کہ ساحلی کرناٹک، جنوبی کرناٹک اور شمالی کرناٹک کے اکثر علاقوں کے کئی مقامات پر بارش کا قوی امکان ہے۔ماہی گیروں کو محکمہ نے مشورہ دیا ہے کہ وہ سمندر میں نہ جائیں کیونکہ ریاست کے ساحلی علاقوں میں ہواؤں کے تیز ہونے کی پیش گوئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ساحلی علاقہ میں 40 تا 50 کلو میٹر کی فی گھنٹہ رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں جو 60 کلو میٹر فی گھنٹہ تک بھی پہنچ سکتی ہیں۔
آئی ایم ڈی بنگلورو کے ڈائرکٹر سی ایس پاٹل نے کہا کہ شمالی کینرا، جنوبی کینرا، اڈپی، ہاسن، کوڈاگو، شیموگہ اور چکمگلور اضلاع میں بھاری بارش ہو سکتی ہے۔ اسی طرح بیلگاوی، گدگ، ہاویری، دھارواڑ، وجئے پور، رائچور، بیدر اور کلبرگی اضلاع میں بھی بھاری بارش ہو سکتی ہے۔ اسی لئے وہاں ایلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔